ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) قبائلی علاقے پھگلہ میں سولر پینل چوری کے الزام پر مقامی روایت ’’آس‘‘ کے تحت بلائے گئے جرگے نے ایک شخص کو گرم لوہے سے ’’بےگناہی ثابت‘‘ نہ کر پانے پر علاقہ بدر کرنے کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق جرگہ روایتی آزمائش کے طریقۂ کار کے تحت منعقد ہوا، جس میں فیصلہ دیا گیا کہ اگر ملزم بے گناہ ہے تو گرم لوہا اس کا ہاتھ نہیں جلائے گا۔ تاہم جب گرم لوہا رکھنے پر ملزم کا ہاتھ جھلس گیا تو جرگہ ارکان نے اسے گناہ گار قرار دیتے ہوئے علاقہ بدر کرنے کا حکم سنا دیا۔
اس واقعے پر پولیٹیکل اسسٹنٹ امیر تیمور نے مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ پھگلہ میں پیش آئے اس واقعے پر جرگہ ممبران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
پولیٹیکل اسسٹنٹ کے مطابق سولر پینل چوری کے شبہے کے بعد جرگے نے ملزم کے سامنے روایت ’’آس‘‘ کے تحت سخت آزمائش رکھی، جس میں انگارہ اور گرم لوہا ہاتھ پر رکھ کر بےگناہی ثابت کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ ہاتھ جھلسنے پر جرگے نے اسے قصوروار قرار دے دیا۔
واقعے نے علاقے میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جبکہ انتظامیہ نے جرگہ کلچر کے تحت دی جانے والی غیرقانونی سزاؤں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔








