ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) ٹرک اور گیس ٹینکر کا تصادم، ٹینکر الٹ گیا، گیس لیکیج سے اہلِ علاقہ کو شدید خطرہ

تفصیل کے مطابق پاکستان چوک گیدڑ والا شوریہ بائی پاس روڈ پر بستی ہبتانی اور بستی سرکانی کے قریب افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جس میں گیس سے بھرا ٹینکر اور ٹرک آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے نتیجے میں ٹرک اور ٹینکر دونوں الٹ گئے، جبکہ گیس لیکج نے آس پاس کی آبادیوں کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بستی ہبتانی اور بستی سرکانی کے رہائشیوں کو آگ جلانے سے منع کر دیا گیا ہے، تاہم بجلی کی بحالی نہ ہونے سے کسی بھی وقت چنگاری اٹھنے کا خطرہ موجود ہے جو قیمتی جانوں کے ضیاع اور کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

اہلِ علاقہ نے انتظامیہ کی نااہلی پر سخت تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بستی ہبتانی، بستی سرکانی اور دیگر قریبی علاقوں کے بجلی کنکشن فوری طور پر منقطع کیے جائیں اور ممکنہ حادثے سے بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے اور فوری کارروائی نہ ہونے کی صورت میں خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

Shares: