ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) یونین کونسل 17 کی رہائشی کالونی عبدﷲ ٹاؤن کے مکین شدید گرمی میں روزانہ 12 سے 15 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔ علاقے میں بدترین بجلی بحران کے باعث نہ صرف گھریلو زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں جبکہ اسکول کے بچوں کی تعلیم اور گھروں میں پانی کی فراہمی تک بری طرح متاثر ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ واپڈا حکام کسی بھی شیڈول کے بغیر دن رات میں 15 گھنٹے بجلی بند کر دیتے ہیں، جس سے سخت گرمی میں عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔
عبدﷲ ٹاؤن کے رہائشیوں نے باغی ٹی وی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ایس ڈی او غازی فیڈر سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا علاقہ سٹی ایریا میں آتا ہے مگر بجلی کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری روکا جائے اور علاقے کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں۔ شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔








