ڈیرہ غازیخان: کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والا ویکسینیٹر برطرف، کیا یہ انصاف ہے؟
ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) محکمہ صحت کے ویکسینیٹر چوہدری محمد نعیم کو ادویات کی خریداری اور کروڑوں روپے کی مالی کرپشن کی نشاندہی کرنے کے بعد نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔ اس اقدام کے خلاف ویکسینیٹرز نے سی ای او ہیلتھ آفس کا گھیراؤ کیا اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
چوہدری محمد نعیم نے ادویات کی خریداری، فرضی بلوں، اور پٹرول کے بلوں میں مبینہ کرپشن کے خلاف ڈی جی انٹی کرپشن کو درخواست دی تھی، جس پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد ادریس لغاری نے انہیں نوکری سے برخاست کر دیا۔ اس فیصلے کے خلاف ضلع بھر سے ویکسینیٹرز نے سی ای او آفس کے باہر دھرنا دیا اور مظاہرین نے اعلان کیا کہ چوہدری محمد نعیم کی بحالی اور انکوائری مکمل ہونے تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
ای پی آئی فیڈریشن کے رہنماؤں محمد عابد اور عطااللہ ساجد نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ مظاہرین نے دفتر کے امور اور پولیو مہم کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے، مطالبہ کیا کہ انصاف پر مبنی انکوائری کی جائے اور چوہدری نعیم کو فوری بحال کیا جائے۔