مزید دیکھیں

مقبول

ڈیرہ غازی خان: پولیو مہم میں مبینہ کرپشن، ویکسینیٹر مافیا کے خلاف کارروائی کب ہوگی؟

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) پولیو مہم میں مبینہ کرپشن کے الزامات، ویکسینیٹر مافیا اور افسران پر سنگین بے ضابطگیوں کا الزام تحقیقات کا مطالبہ

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں پولیو جیسے خطرناک مرض کے خاتمے کے لیے قومی پولیو مہم کو شدید بدعنوانیوں اور مبینہ کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ مقامی ویکسینیٹرز، محکمہ صحت کے ملازمین اور کچھ افسران پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ مالی فوائد کے لیے قومی پولیو مہم اور ای پی آئی ویکسنیشن کے نظام کو ناکام بنانے میں ملوث ہیں۔ شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کی جائیں تاکہ پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

پولیو مہم کی تباہی اور ویکسینیٹرز مافیا
ذرائع کے مطابق عابد حسین نامی ایک ویکسینیٹر جو کہ یوسی اربن 7 میں تعینات ہے نے مبینہ طور پر ایک نیٹ ورک بنا کر اپنے مالی مفادات کے لیے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عابد حسین اپنے افسران کو بلیک میل کرکے اپنی خلاف ہونے والی انکوائریوں کو بند کروا لیتا ہے اور پولیو مہم میں دھڑا بندی اور سیاست کے ذریعے اپنے مالی مفادات حاصل کرتا ہے۔

درخواستوں اور ثبوتوں کے باوجود کارروائی کا فقدان
شہری محمد احسان نے ایک تحریری درخواست کے ذریعے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ صحت میں EPI ویکسنیشن اور پولیو مہم کے دوران فراڈ کی بارہا نشاندہی کی گئی، لیکن ان درخواستوں کو صرف فائلوں میں دبا دیا گیا اور ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ احسان نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تمام ضروری دستاویزی ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں، مگر انکوائری رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی گئی۔

کرپشن کے اثرات اور افسران کی ملی بھگت
ذرائع کے مطابق WHO اور یونیسف کے نمائندے، ضلعی افسران اور محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران بھی اس کرپشن سے چشم پوشی کرتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیو مہم میں ہونے والی بے ضابطگیاں اور انتظامی نااہلی اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ممکن نہیں ہو پا رہا۔ ویکسینیٹرز مافیا کی کرپشن اور افسران کی ملی بھگت کی وجہ سے نہ صرف کروڑوں روپے ضائع ہو رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے پولیو کے خاتمے کے اہداف بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

سماجی و شہری حلقوں کا ردعمل اور اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ
ڈیرہ غازی خان کے عوامی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والے غلام فرید خان، سینئر ایڈوکیٹ ملک شاہد وسیم، خرم شہزاد، حاجی محمد حسین، سردار حبیب خان لغاری، سردار امیر محمد خان کلاچی اور دیگر نے اس معاملے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیر صحت، سیکرٹری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، WHO اور یونیسف کے نمائندگان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کی جانچ کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن تشکیل دیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ویکسینیٹر مافیا اور ان کا ساتھ دینے والے محکمہ صحت اور WHO کے ملازمین اور ضلعی افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

حکام کی جانب سے عدم توجہی اور رابطے کا فقدان
ڈیرہ غازی خان کے ڈی ایچ او پی ایس ڈاکٹر اطہر سکھانی سے اس معاملے پر ان کا موقف لینے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے فون کال کا جواب نہیں دیا۔ ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عابد حسین کے خلاف انکوائری مکمل ہو چکی ہے مگر تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔

عوامی مطالبہ، کرپشن کے خلاف فوری اقدام
ڈیرہ غازی خان کے عوام اور سماجی تنظیمیں اس کرپشن اور بے ضابطگیوں پر نہایت افسردہ ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو پولیو مہم کا مقصد مکمل طور پر ناکام ہو جائے گا۔ عوامی اور سماجی رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت میں پولیو مہم کو ناکام ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے اور امید کرتے ہیں کہ اعلیٰ حکام جلد اس معاملے میں سنجیدگی سے کارروائی کریں گے۔ شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے اس معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ قومی پولیو مہم کو بچایا جا سکے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں