اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب، میجر جنرل عاطف بن اکرم نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت کے ہمراہ اوکاڑہ کے فلڈ ریلیف کیمپ اٹاری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجاعین وسترو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی جی رینجرز نے دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور کیمپ میں مقیم سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے براہِ راست متاثرین سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کیے اور یقین دلایا کہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ڈی جی رینجرز کو سیلاب متاثرین کو دی جانے والی امدادی سرگرمیوں، بشمول ریسکیو اور ریلیف آپریشنز، کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
میجر جنرل عاطف بن اکرم نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔ انہوں نے رینجرز کے جوانوں کو بھی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز پنجاب کے اہلکار عوام کی مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام فلڈ ریلیف کیمپس متاثرین کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔