ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) ایک ہی طوفانی بارش نے ڈیرہ غازی خان شہر کو پانی میں ڈبو دیا۔ شہر کی اہم سڑکیں اور نشیبی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، جبکہ شہریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ اس صورتحال نے ضلعی انتظامیہ کے بارش سے نمٹنے کے دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔

گولائی کمیٹی، مشرف چوک، دربار قادریہ اور بمبے چوک سمیت کئی علاقوں میں پانی ہی پانی نظر آیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگ اپنے گھروں اور دکانوں میں پانی نکالنے کی کوششوں میں مصروف رہے۔

دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی جانب سے جاری کردہ سرکاری خبر میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ بارش سے پیدا ہونے والے مسائل کے بروقت حل کے لیے متحرک ہے۔ ضلعی کنٹرول روم کو فعال کر دیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر نے خود اس کا دورہ کر کے کیمروں کی مدد سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

سرکاری بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کوہ سلیمان رینج میں بارشوں کے بعد رود کوہیوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ لیکن عملی طور پر انتظامیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آئی، کیونکہ پورا شہر پانی میں ڈوبا رہا اور شہریوں کو کوئی مدد فراہم نہیں ہو سکی۔ یہ واقعہ انتظامیہ کی تیاریوں اور حقیقت کے درمیان موجود واضح فرق کو نمایاں کرتا ہے۔

Shares: