ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان نے شہر کے مختلف تعلیمی اداروں اور پارکس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے گورنمنٹ ایم سی بوائز پرائمری سکول اور گورنمنٹ پرائمری سکول چورہٹہ نمبر 2 میں تدریسی معیار، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے سکولوں کی دیواروں کی مرمت، ترقیاتی کاموں اور کمزور انتظامی پہلوؤں کی نشاندہی کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی انتظامیہ بچوں کو محفوظ، معیاری اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان نے غازی پارک اور کھوسہ پارک کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی کی صورتحال، روشنیوں، واک ویز، شجرکاری اور عوامی سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو بنچز، لائٹس اور گرین ایریاز کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔
تیمور عثمان نے کہا کہ عوامی تفریحی مقامات کی خوبصورتی اور سہولیات میں بہتری ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارکوں کی صفائی اور دیکھ بھال میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکے۔








