پیرعادل،باغی ٹی وی(نامہ نگارباسط علی) ڈیرہ غازیخان کی حدود تھانہ دراہمہ ،سبزی منڈی کے قریب واقع ایک برائی کے اڈے کے خلاف کارروائی نہ ہونے اور پولیس کی جانب سے درخواست گم کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔
حسکول پمپ کے مالک سیف اللہ خان سوری، اسد خان سوری اور دیگر شہریوں نے مشترکہ درخواست دے کر تھانہ دراہمہ کو آگاہ کیا تھا کہ پمپ کے پیچھے جھونپڑیوں میں فحاشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے خوف ظاہر کیا تھا کہ اس سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔
تاہم، دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جب اسد خان سوری تھانہ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ ان کی درخواست گم ہو گئی ہے۔ اس پر انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے جان بوجھ کر درخواست گم کی ہے تاکہ برائی کے اڈے کو بند نہ کروایا جائے۔
اسد خان سوری نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
دوسری طرف صحافی برادری نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسد خان سوری اور دیگر شہریوں نے بتایا ہے کہ وہ صحافی برادری کے ساتھ مل کر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کے سامنے اپنی درخواست پیش کریں گے اور انصاف کا مطالبہ کریں گے۔