ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم شروع کر دی گئی ہے۔ تاجروں کو از خود تجاوزات ہٹانے کے لیے وارننگ دی گئی ہے، جبکہ شاہراہوں اور مرکزی بازاروں میں موجود پختہ تجاوزات کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت اجلاس میں ان اقدامات کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدسیہ ناز، اسسٹنٹ کمشنرز تیمور عثمان، جنید خان، اور انفورسمنٹ ٹیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تجاوزات کے خاتمے سے قبل شاہراہوں اور بازاروں کا سروے کیا جائے اور قبل و بعد کی تصاویر شیئر کی جائیں۔
ضبط شدہ سامان تاجروں کو جرمانے اور آئندہ تجاوزات نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد واپس کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن بلا امتیاز اور مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے ضروری مشینری فراہم کی جائے گی، اور وہ خود اس مہم کی نگرانی کریں گے۔
اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ انجمن تاجران کے ساتھ رابطے میں رہیں اور تاجروں کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کے لیے آمادہ کریں۔ شہری حلقوں نے ان اقدامات کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔








