ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر): ڈیرہ غازی خان میں ٹیچنگ ہسپتال سے اغواء ہونے والا 5 سالہ بچہ عثمان چند گھنٹوں کے اندر پولیس کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں بحفاظت بازیاب کرلیا گیا ہے۔
واقعہ کے مطابق، تھانہ سول لائن کی حدود میں واقع ٹیچنگ ہسپتال سے ایک نامعلوم خاتون نے بچے کو اغواء کرلیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سید علی نے فوری طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا اور ایس پی انوسٹیگیشن بختیار احمد خان، ایس ڈی پی او سرکل سٹی عرفان اکبر، ایس ایچ او تھانہ سول لائن علی عمران، سی آئی اے پولیس، اور اے وی ایل سی پولیس سمیت دیگر اہلکاران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔
خصوصی ٹیم نے دن رات ایک کرکے کام کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغواء کرنے والی خاتون کی شناخت کرکے اسے تھانہ دراہمہ کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔ بچے کو بھی بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔
ڈی پی او سید علی نے پولیس ٹیم کی اس کامیابی پر انہیں شاباش دی ہے۔








