ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ستھرا پنجاب پروگرام اور انسدادِ سموگ مہم کے تحت جاری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران، اینٹی سموگ اسکواڈز، ماحولیاتی تحفظ، ٹریفک پولیس، زراعت، لوکل گورنمنٹ اور انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام محکمے مؤثر اور مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے واضح ہدایت کی کہ سموگ کا باعث بننے والے صنعتی اداروں، اینٹوں کے بھٹوں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر سخت کارروائیاں کی جائیں اور ان کی رپورٹ باقاعدگی سے جمع کرائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ماہ سموگ کے حوالے سے نہایت اہم ہیں، لہٰذا تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں تاکہ شہریوں کو آلودہ فضا کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف کارروائیاں کافی نہیں، بلکہ عوامی آگاہی مہم بھی یکساں اہمیت رکھتی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ فصلوں کی باقیات نہ جلائیں، گاڑیوں کی بروقت ٹیو ننگ کروائیں، دھواں چھوڑنے والے ذرائع سے اجتناب کریں، ماسک پہنیں اور سانس و آنکھوں کے امراض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے محکموں کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر اینٹوں کے بھٹوں، صنعتی یونٹس اور ٹریفک کے دھوئیں کی مانیٹرنگ کی جائے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس غیر قانونی طور پر چلنے والے بھٹوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، کوڑا کرکٹ بروقت اٹھایا جائے، نالیوں کی صفائی کی جائے اور غیر قانونی فضلہ جلانے کے خلاف اقدامات کو تیز کیا جائے تاکہ ماحول کو صحت مند اور صاف رکھا جا سکے۔

محمد عثمان خالد نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ سموگ سے بچاؤ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مربوط پلان تیار کریں اور عوام کو روزانہ کی بنیاد پر آگاہی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ماحول ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس کے لیے حکومتِ پنجاب تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ عوامی شمولیت کے بغیر یہ مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا، “ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ڈیرہ غازی خان کو ایک صاف، محفوظ اور صحت مند شہر بنایا جا سکے۔”

Shares: