ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ) دری میرو کے علاقے میں شوہر کے ہاتھوں چار بچوں کی ماں کو بے دردی سے قتل کرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کےتھانہ دراہمہ کی حدود میں واقع دری میرو کے رہائشی شاہد حسین چوہان نے اپنی بیوی شازیہ بی بی دختر مرید حسین قوم ویہا کو رات تقریباً ڈیڑھ بجے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے اس کے والد (یعنی مقتولہ کے سسر) کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جس پر ملزم نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے شازیہ بی بی کی جان لے لی۔
ذرائع کے مطابق رواں ہفتے مقتولہ اور ملزم کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد شازیہ بی بی روٹھ کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ دو دن والد کے گھر گزارنے کے بعد گزشتہ روز ہی شوہر کے اصرار پر واپس اپنے گھر آئی تھی۔
یاد رہے کہ مقتولہ شازیہ کی 12سال قبل شاہد حسین سے شادی ہوئی تھی اور مقتولہ شازیہ 4 بچوں کی ماں تھی جن میں ایک بیٹا اور 3 بیٹیاں شامل ہیں ۔
پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے اورتھانہ دراہمہ پولیس نے مقدمہ نمبر85/25 زیر دفعہ 302 درج کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔









