ڈیرہ غازی خان (نیوزرپورٹر شاہد خان) شہر کی مصروف موٹر سائیکل مارکیٹ میں دن دیہاڑے فائرنگ کے واقعے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں حجانہ نامی شخص شدید زخمی ہو گیا، جبکہ مبینہ حملہ آور جاوید وڈانی موقع سے فرار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق معمولی تلخ کلامی کے بعد اچانک فائرنگ شروع ہوئی۔ زخمی شخص کو فوری طور پر ریسکیو 1122 کے ذریعے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔
پولیس کی بھاری نفری نے فوری طور پر جائے وقوعہ کا رخ کیا، اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاوید وڈانی کی تلاش جاری ہے اور جلد قانون کے شکنجے میں آئے گا۔
واقعے پر انجمن تاجران نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور ملزم کی فوری گرفتاری و عبرت ناک سزا کا مطالبہ کیا تاکہ بازار میں تحفظ کا احساس دوبارہ قائم ہو سکے۔








