ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے خود فیلڈ کا دورہ کیا۔ اسی سلسلے میں انہوں نے ضلع کے سرحدی علاقے رند اڈا کا معائنہ کیا۔
اس دورے کے دوران ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر صدر تیمور عثمان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور ایکسئین ہائی ویز محمد وقاص بھی تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے رند اڈا تا بیت والا روڈ کے تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ لی۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ہدایت کی کہ روڈ کا باقی ماندہ کام ترجیحی بنیادوں پر جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ مقامی لوگوں کو سفری مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی مواد کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار ذرائع سے انسپکشن بھی کروائی جائے گی۔ یہ دورہ عوامی سہولت کے منصوبوں پر حکومتی سنجیدگی کا مظہر ہے۔








