ڈیرہ غازی خان میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز، وزیر اعلیٰ مریم نواز اگلے ہفتے افتتاح کریں گی،وزیر اعلیٰ کے حکم پر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بسیں فراہم

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے ڈیرہ غازی خان اور گردونواح کے شہریوں کے لیے جدید الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اگلے ہفتے کریں گی۔ اس سلسلے میں انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں جبکہ ایم پی اے حنیف پتافی کے مطابق وزیر اعلیٰ کا ڈیرہ غازی خان کا دورہ گیارہ ستمبر کو متوقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی بس سروس چھ مختلف روٹس پر چلائی جائے گی، جن میں ڈیرہ غازی خان سے شاہ صدر دین، سخی سرور، چوٹی زیریں (ماموری و قائم والا کے راستے)، چوٹی زیریں (کوٹ چھٹہ کے راستے)، جنرل بس اسٹینڈ سٹی روٹ، اور جنرل بس اسٹینڈ بذریعہ انڈس ہائی وے شامل ہیں۔ ان روٹس کی لمبائی 20 سے 36 کلومیٹر کے درمیان ہوگی جبکہ ہر روٹ پر 6 سے 15 بس اسٹاپ قائم کیے گئے ہیں۔

کمپنی کے مطابق ابتدائی طور پر ہر روٹ پر 8 بسیں چلائی جائیں گی، تاہم چوٹی زیریں (معموری و قائم والا) روٹ پر بسوں کی تعداد 4 رکھی گئی ہے۔ مسافروں کی اوسط یومیہ تعداد 200 سے 600 کے درمیان متوقع ہے جبکہ سب سے زیادہ رش ڈیرہ غازی خان تا چوٹی زیریں (کوٹ چھٹہ روٹ) پر ریکارڈ ہونے کی توقع ہے۔ ایک بس کے بعد دوسری بس کے آنے کا وقفہ 38 سے 55 منٹ کے درمیان ہوگا۔

پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ سروس ماحولیاتی لحاظ سے ماحول دوست ہوگی کیونکہ یہ تمام بسیں الیکٹرک ہیں۔ یہ بسیں TRANSPORT & MASSTRANSIT DEPARTMENT کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ڈیرہ غازی خان کو فراہم کی گئی ہیں۔ تمام روٹس 25 فٹ سے زائد چوڑائی والی سڑکوں پر قائم ہیں جبکہ زیادہ تر راستے ڈوئل کیرج وے پر مشتمل ہیں۔

شہریوں نے اس منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ بس سروس بروقت شروع ہو جائے تو نہ صرف ہزاروں افراد کو روزانہ کی بنیاد پر معیاری اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ ڈیزل کے استعمال میں کمی اور فضائی آلودگی کے مسائل بھی کم ہوں گے۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے مطابق یہ منصوبہ عملی طور پر شروع ہو کر خطے میں سفری سہولتوں کا نیا باب ثابت ہوگا۔

Shares: