ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،جواداکبرسٹی رپورٹر) بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈیرہ غازی خان میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، اراکین صوبائی اسمبلی سردار احمد خان لغاری، سردار صلاح الدین خان کھوسہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی نے کی۔

ریلی میں مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت میر مرزا تالپور، میاں سلطان محمود ڈاہا، ملک ارشاد، ظفر طاہر مستوئی، عبدالحمید جلبانی سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ صدر بار عبدالغنی کھوسہ کی قیادت میں وکلاء، سول سوسائٹی، ڈویژنل و ضلعی افسران، طلباء، خواتین اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی۔ فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے واضح پیغام دیا کہ بھارت ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھے، ہم اپنے وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اور سیاسی، سفارتی و بین الاقوامی سطح پر ہر فورم سے آواز بلند کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

ریلی کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Shares: