ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر)ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق
جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی اور سمارٹ ولاز کے منصوبوں میں اربوں روپے کے فراڈ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ذمہ داران کی فوری گرفتاری اور متاثرین کو حق دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دفتر جماعت اسلامی میں بزنس فورم کے صدر میاں نعیم ثاقب اور شیخ سلیم ارشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلام اصغر گورمانی اور ملک ظفر تھتھل سمیت ان کے حاشیہ بردار بروکرز نے عوام کو سبز باغ دکھا کر اربوں روپے ہڑپ کر لیے۔ کئی سال گزرنے کے باوجود نہ ولاز فراہم کیے گئے اور نہ ہی پلاٹس کی رجسٹریاں مکمل کی گئیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سمارٹ ولاز کے رجسٹری شدہ خریداروں کو قبضہ نہیں دیا گیا جبکہ گلبرگ ہاؤسنگ کے پلاٹ مالکان کو غیر قانونی طور پر عثمانیہ گارڈن نامی منصوبے میں مزید رقم ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
شیخ عثمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرپرستی کے دعویدار یہ فراڈیے کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں، جبکہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں، ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرین کو ان کا حق دلایا جائے۔ بصورت دیگر جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ احتجاجی دھرنوں کی قیادت کرے گی، اور اگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت اور فراڈ میں ملوث افراد پر ہوگی۔