ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) گرلز کالج وڈور چونگی کے قریب ٹریکٹر ٹرالیوں کی بے ہنگم آمدورفت کے باعث حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔گذشتہ کئی سالوں میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جبکہ کئی معصوم بچے ان حادثات کی نذر ہو کر اپنا روشن مستقبل کھو چکے ہیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کے باعث ٹریکٹر ٹرالیوں کا راج ہے۔ اگر کبھی کبھار کوئی ٹریفک وارڈن تعینات بھی کیا جاتا ہے تو اس کی ڈیوٹی محض دو دن کے لیے ہوتی ہے اور اس دوران بھی چالان کرنے پر ہی توجہ دی جاتی ہے۔ شہریوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن تاحال کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔

یہ ٹرالیاں نہ صرف رہائشی آبادی کے لیے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے بلکہ یہاں واقع مقامی مہاجر قبرستان کے جنازوں کے گزرنے میں بھی شدید مشکلات درپیش ہیں۔ جنازوں کے ساتھ آنے والے افراد کو راستہ تک نہیں ملتا مگر ٹریکٹر ٹرالی مالکان بے خوف اپنی جگہ پر قابض ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا اور یوں لگتا ہے کہ قانون نام کی کوئی چیز یہاں موجود نہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے اور عوام کو اس سنگین مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔

Shares: