ڈیرہ غازی خان: قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن، 50 سال بعد سرکاری اراضی واگزار
ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کے احکامات پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور ڈی پی او سید علی کی نگرانی میں علی الصبح شہر کے وسط میں گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران گورنمنٹ کمپری ہینسیو اسکول کے 5 کنال اراضی واگزار کرائی گئی۔
آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان نے کی، جس میں پولیس، ریونیو اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ڈی ایس پی سٹی عرفان اکبر اور ڈی ایس پی کوٹ چھٹہ ارشد رند بھی آپریشن میں شامل تھے۔ کارروائی کے دوران قابضین کے پختہ گھروں کو مسمار کیا گیا اور بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا۔ واگزار شدہ اراضی کو اسکول کے کھیل کے میدان کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان کا کہنا تھا کہ یہ گرینڈ آپریشن کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔ قابضین گزشتہ 50 سالوں سے اسکول کے میدان کی اراضی پر قابض تھے، جسے بالآخر واگزار کرایا گیا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔