ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)مظفر، دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب، انتظامیہ ہائی الرٹ
تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ میں دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے پر انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری فوری طور پر مظفرگڑھ پہنچ گئے۔
ڈپٹی کمشنر آفس میں سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کی صدارت کمشنر نے کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عوید ارشاد اور میڈم انعم سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور محکمہ انہار کو ریلیف پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی گئی۔
کمشنر اشفاق احمد نے فلڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور پانی کے بہاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے 24 گھنٹے الرٹ رہیں گے، بندوں کی مضبوطی اور ریلیف آپریشن کے انتظامات مکمل کئے جائیں، متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف کیمپ قائم کئے جائیں اور عوام کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے لوکل نیٹ ورکس کو متحرک کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے حکام کو ریسکیو اور ریلیف اقدامات حتمی شکل دینے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
بعد ازاں کمشنر ڈی جی خان نے دریائے چناب کے دوآبہ اور چک روہاڑی فلڈ بند کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر چیف انجنیئر اریگیشن رانا ذوالفقار علی اور ڈپٹی کمشنر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور متاثرہ مکینوں کے بروقت انخلاء کے ساتھ ریلیف کیمپوں میں سہولیات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے بتایا کہ 30 اگست کو دریائے چناب کا ریلہ ضلع کی حدود میں داخل ہوگا۔ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سرکاری محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق 104 مواضعات اور 76 ہزار نفوس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 18 ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں خوراک، علاج اور مویشیوں کی دیکھ بھال کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اے ڈی سی آر کے مطابق ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم کنٹرول رومز 24 گھنٹے آپریشنل ہیں۔