ڈی جی خان ،باغی ٹی وی (نیوزرپورٹرشاہدخان )ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس۔ حکومت کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ۔ ڈیرہ غازی خان ریجن میں غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی کےلئے سرچ آپریشن کے احکامات۔ جدید ٹیکنالوجی اور مستند ڈیٹا کے ذریعےغیرملکیوں کی شناخت اور شہریت کے کوائف کی جانچ پڑتال کا حکم۔ غیر ملکیوں کو پناہ، املاک کرایہ پر دینے اور معاونت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کے احکامات۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران، ڈپٹی کمشنرز کے افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس کے دوران حکومت کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کے انخلاء کے حوالے سے جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں احکامات جاری کیئے گئے کہ ڈیرہ غازی خان ریجن کے تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کو تلاش کیا جائے اور غیر ملکیوں کو پناہ، املاک کرایہ پر دینے اور معاونت کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی جائے ۔
جدید ٹیکنالوجی اور مستند ڈیٹا کے ذریعے غیرملکیوں کی شناخت اور شہریت کے کوائف کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے۔
آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ ہولڈنگ سنٹرز میں مقیم شہریوں کی سخت سیکیورٹی کےانتظامات کیے جائیں ۔سرچ آپریشن کے دوران تحویل میں لئے گئے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو عزت و تکریم کے ساتھ ہولڈنگ ایریاز میں منتقل کیا جائے اورحکومت کی ہدایت کے مطابق سخت سکیورٹی میں وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ ہولڈنگ ایریاز میں قائم کی گئی عارضی رہائش گاہوں کو مہمان خانہ کا درجہ دیا جائے۔ غیر ملکیوں کو اپنے وطن کے حوالے کرنے تک مہمان خانوں میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں۔