ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی دفتر بلاک 16، رحیم ہنڈا شوروم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کی صدارت پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کی، جبکہ اس موقع پر مرکزی چیئرمین محمد رحیم خان غلزئی پٹھان کی زیر سرپرستی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض جواد اکبر بھٹی نے سرانجام دیے۔ ڈاکٹر محمد الطاف سدوزئی اور چیئرمین لیگل فورم، محمد اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

تقریب کے آخر میں مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر جلد یا بدیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد آزادی کی منزل حاصل ہوگی۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پورا ہال "پاکستان زندہ باد” اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونج اٹھا، جس سے شرکاء کے جوش و خروش کا واضح اظہار ہوا۔

Shares: