ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر واقع تھانہ وہوا کے علاقے کوتانی تل میں پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز کی مشترکہ کاروائی کے دوران خوارجی دہشتگردوں سے شدید مقابلہ ہوا، جس میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پٹرولنگ پر مامور پولیس، رینجرز اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے فوری ایڈوانس کیا۔ تھانہ وہوا کے علاقے کوتانی تل میں دہشتگردوں سے آمنے سامنے ٹکراو ہوا، جن کے پاس راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحہ موجود تھا۔ دہشتگردوں نے شدید مزاحمت کی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران دہشتگرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ لے کر فرار ہو گئےجبکہ ایلیٹ فورس کے اہلکار عدنان حبیب اور سی ٹی ڈی اہلکار غضنفر معمولی زخمی ہوئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کی نقل و حرکت کے باعث پہلے ہی علاقے میں ہائی الرٹ جاری تھا۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی کی قیادت میں بیک اپ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ کاروائی کی قیادت کی۔

آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے جرأت و بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز ٹیموں کو شاباش دی۔

پولیس ترجمان کے مطابق علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ ممکنہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی گرفتار یا انجام تک پہنچایا جا سکے۔

Shares: