ڈیرہ غازیخان:شہر کو صاف ستھرا،سرسبز بنانے کیلئے سرکاری محکموں کو ٹاسک دے دیا گیا

ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (نامہ نگار) شہر کو صاف ستھرا،سرسبز بنانے کیلئے سرکاری محکموں کو ٹاسک دے دیا گیاہے۔اس ماہ کے آخر میں جشن بہاراں اور پھولوں کی نمائش کا انعقاد ہوگا۔میونسپل سروسز کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ13 فروری سے صفائی عملے کا آن لائن چہرہ شناخت پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائیگا۔مشینری پر ٹریکنگ سسٹم نصب ہوگا ۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے محکموں کی بریفنگ لیتے ہوئے کارپوریشن کے ایم او آر اور اسسٹنٹ کی سوا گھنٹہ تاخیر پر تحریری وضاحت بھی طلب کرلی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ پی ایچ اے نے شہر کی خوبصورتی کیلئے بہت کام کیا ہے تاہم مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سے موجود پارکس کو خوبصورت کرنے کے ساتھ مزید پارکس کی سکیم تیار کی جائے ۔کمشنر نے کہا کہ صفائی عملہ کی مختلف اوقات میں فیلڈ میں حاضری چیک کی جائے گی۔میونسپل سروسز کو بہتر کرنا ہوگا۔تجاوزات،عمارتی میٹریل ڈال کر چوک،شاہراہ اور دیگر مصروف عوامی مقامات بلاک کرنے والوں کے خلاف مقدمات اور جرمانے ہوں گے۔کمشنر نے کہا کہ شجرکاری کے ساتھ گرین بیلٹس،میڈینز اور پارکس کو بہتر کیا جائیگا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو فخر الاسلام ڈوگر،اے ڈی سی آر طیب خان،اے سی جی حیات اختر،ڈی جی پی ایچ اے طاہر جاوید انصاری،چیف آفیسر کارپوریشن جواد الحسن گوندل،ایم اوز محمد اویس سرور،تنویر عالم،محمد نعیم،ڈی بی اے شہزاد قدیر،معین خان،محمد خوشحال خان،محمد عادل،شہزاد نذیر،شجاعت علی اور دیگر افسران موجود تھے۔

Leave a reply