ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان محمد عثمان خالد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈیرہ غازیخان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ پارکوں کی حالت کو بہتر بنا کر شہریوں کو پرسکون اور خوشگوار قدرتی ماحول فراہم کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی بریفنگ کے دوران کہی، جس میں ڈائریکٹر ایڈمن پی ایچ اے چوہدری مسعود ارشد نے اتھارٹی کے امور، مستقبل کے منصوبوں اور شہر کی خوبصورتی میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے اہم چوراہوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ وہاں کی لائٹس کو درست حالت میں رکھا جائے گا، اور خراب لائٹس کو تبدیل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ شہر کے اہم مقامات پر رنگ و روغن کیا جائے اور نرسریوں میں موسم سرما کے مطابق پودوں کی پنیری تیار کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور پی ایچ اے کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ثناء محمد بھی موجود تھے۔