ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوزرپورٹرشاہدخان) پرانی سبزی منڈی بلاک 3 اور 7 کے درمیانی روڈ پر واقع ایک دکان سے مردہ مرغیوں کا اڑھائی من گوشت برآمد کر لیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ کی۔ دکان سے برآمد ہونے والے گوشت میں 100 کلوگرام فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ موقع پر موجود دو افراد کو گرفتار کرا دیا گیا۔

اے سی ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی کے مطابق مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت انسانی صحت کیلئے سنگین خطرہ ہے، جس کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی کارروائی کیلئے مقامی پولیس کو استغاثہ جمع کرا دیا گیا ہے تاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی اقدام اٹھایا جا سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف، حلال اور معیاری گوشت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل چوٹی زیریں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے گوشت، پھل، سبزیاں اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی مارکیٹوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نرخ نامے، معیار اور اشیاء کی دستیابی کا جائزہ لیا اور خریداروں سے براہ راست معلومات بھی حاصل کیں۔

Shares: