ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر) ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور گورننس کی بہتری کیلئے خصوصی احکامات جاری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے غیر جانبدار ذرائع سے منصوبوں کے آڈٹ کرانے اور معیار کو جانچنے کے لیے "ٹیسٹ کٹس” کے استعمال کا حکم دیا۔

کمشنر نے ہدایات دیں کہ اگر کسی منصوبے میں غیر معیاری کام پایا گیا تو متعلقہ تعمیراتی کمپنی کو آئندہ سرکاری منصوبوں کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو گورننس میں بہتری کا واضح فرق محسوس ہو۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مین ہولز پر پلاسٹک کے مضبوط ڈھکن لگانے، صفائی کے معیار کو بہتر بنانے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی نگرانی کرنے اور تجاوزات کے خاتمے پر زور دیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ گلی محلوں میں موجود سڑکوں کے گڑھے فوری طور پر بھرے جائیں اور بڑے شہروں میں ماڈل ریڑھی بازاروں کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو۔

اجلاس میں شہر کی خوبصورتی کے لیے خصوصی توجہ دینے اور دیگر عوامی امور پر بہتری کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور متعلقہ حکام کو مزید ہدایات جاری کی گئیں۔

Shares: