ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)ملکی اور بین الاقوامی سکیورٹی حالات کے تناظر میں ضلع ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کو حساس قرار دے دیا گیا ہے، جس کے پیش نظر سکیورٹی، انتظامی امور اور دیگر متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت محرم الحرام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز، اے سی ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی سمیت وفاقی و صوبائی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں سے محرم کے لیے جامع کنٹی جنسی پلان طلب کیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ
* مساجد، امام بارگاہوں، عبادت گاہوں اور دیگر حساس مقامات کی باقاعدہ چیکنگ کی جائے گی۔
* ہوٹلز، سرائے، اور ویران عمارتوں کی نگرانی سخت کی جائے گی، خاص طور پر جلوس روٹس کے اطراف۔
* فرقہ وارانہ وال چاکنگ، بینرز، اور نعرہ بازی والے پینا فلیکس فوری ہٹانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
* تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن ہوگا تاکہ جلوسوں کے راستے کلیئر رہیں۔
* مجالس اور جلوسوں کی آڈیو و ویڈیو ریکارڈنگ لازم قرار دی گئی ہے۔
* غیرقانونی مجالس اور جلوسوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
* بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے ساتھ ساتھ جنریٹرز اور متبادل ذرائع کے انتظامات بھی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
* سٹریٹ لائٹس اور جلوس روٹس پر روشنی کے تمام انتظامات کو فعال رکھنے کے احکامات بھی دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر حکمت عملی اختیار کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہے۔ محرم الحرام کے دوران ہر قسم کی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔