ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر،جواد اکبر)گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی کے اربوں روپے کے میگا کرپشن سکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نیب ملتان کی خصوصی ٹیم متاثرین کی شکایات پر کارروائی کے لیے ڈیرہ غازی خان پہنچ گئی ہے۔ یہ ٹیم متاثرین کے بیانات، دستاویزات اور شواہد کی جانچ پڑتال کر رہی ہے تاکہ اسکینڈل کے مرکزی کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی، جو سابق ایم پی اے علی اصغر گورمانی اور ان کے ساتھیوں کی ملکیت بتائی جاتی ہے، میں سینکڑوں شہریوں سے مبینہ طور پر اربوں روپے وصول کیے گئے تھے۔ متاثرین کو نہ پلاٹس دیے گئے اور نہ ہی ان کی رقوم واپس کی گئیں، جس سے کئی خاندان مالی طور پر تباہ ہو گئے۔

متاثرین کی طویل قانونی اور عوامی جدوجہد کے بعد بالآخر ایڈووکیٹ میاں سلطان محمود ڈاہا کی قیادت میں متاثرین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا گیا۔ میاں سلطان ڈاہا نے نہ صرف متاثرین کی آواز بن کر ان کے ساتھ ہر فورم پر آواز بلند کی بلکہ وفاقی محتسب اور نیب حکام کو بھی معاملے سے باخبر کر کے بالآخر اداروں کو کارروائی پر مجبور کر دیا۔

نیب ملتان کی خصوصی ٹیم نے متاثرین سے ابتدائی بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد کیس میں ملوث افراد کے خلاف ثبوت اکٹھے کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم جلد ذمہ داران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

شہریوں نے نیب کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب ان کی لوٹی گئی رقم واپس ملے گی اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ برسوں سے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے تھے، لیکن اب میاں سلطان ڈاہا جیسے نڈر اور عوام دوست وکیل کی قیادت میں ان کی آواز ایوانِ اقتدار تک پہنچ چکی ہے۔ نیب کی کارروائی کو وہ ایک بڑی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ نیب اپنی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچائے تاکہ آئندہ کوئی طاقتور فرد سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کی جرأت نہ کرے۔

Shares: