ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) دفتر محتسب پنجاب ڈیرہ غازی خان کو عالمی معیار کے مطابق عوامی خدمات فراہم کرنے پر آئی ایس او سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ریجنل دفتر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ایڈوائزر دفتر محتسب ڈیرہ غازی خان راؤ محمد سلیم نے خطاب میں کہا کہ عوامی داد رسی اور شکایات کے بروقت ازالے کے باعث یہ اعزاز ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کی بدانتظامی، تاخیر، لاپرواہی اور بدعنوانی سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ شہری بغیر کسی فیس کے سادہ کاغذ پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں جبکہ شکایات کے ازالے کا دورانیہ 90 دن سے کم کرکے 30 تا 40 دن کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شکایت کنندگان کو ایس ایم ایس کے ذریعے کارروائی سے باخبر رکھا جاتا ہے اور دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ صوبائی محتسب کی ہیلپ لائن 1050 کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ درخواست بذریعہ ڈاک یا ادارے کی ویب سائٹ پر آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہے، اور شہری اپنی درخواست کی پیش رفت بھی بآسانی دیکھ سکتے ہیں۔

Shares: