ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈی جی خان محمد عثمان خالد نے انتخابی عمل کے دوران میڈیا کے ذمہ دارانہ، مثبت اور پیشہ ورانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے صحافی برادری کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کی تیاری، معلومات کی بروقت ترسیل اور پورے انتخابی عمل کی شفاف کوریج میں میڈیا نے انتہائی کلیدی اور تعمیری کردار ادا کیا۔ میڈیا کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے باعث عوام تک مستند، درست اور فوری معلومات پہنچیں، جس سے اداروں پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے تمام نمائندہ صحافیوں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے اداروں اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کی کامیاب تکمیل میں میڈیا کا تعاون قابلِ تحسین ہے اور مستقبل میں بھی ایسی مثبت شراکت داری کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔








