ڈیرہ غازی خان:4 ماہ سے پریس کلب سیل، صحافیوں پر جھوٹے مقدمات، ظلم کا سلسلہ جاری
ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر)4 ماہ سے پریس کلب سیل، صحافیوں پر جھوٹے مقدمات، ظلم کا سلسلہ جاری
تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان پریس کلب کے صدر، شیر افگن بزدار نے کہا ہے کہ ضلع میں صحافیوں کو سنگین حالات کا سامنا ہے، جہاں ضلعی پریس کلب گزشتہ چار ماہ سے سیل ہے اور ورکنگ جرنلسٹس کو جھوٹے مقدمات اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹبیلیٹی (ٹی ڈی ای اے) کے تعاون سے ہونے والی ایک اہم نشست میں کہی، جس کا مقصد صحافیوں کی حفاظت اور حقوق کے حوالے سے درپیش مسائل پر بات چیت کرنا تھا۔
شیر افگن بزدار نے کہا کہ صحافیوں کے پاس ڈائیلاگ اور پیشہ ورانہ تبادلہ خیال کے لیے پریس کلب کا پلیٹ فارم ہوتا ہے، لیکن اس کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے، اور صحافیوں کو ریاست مخالف الزامات کے تحت مقدمات میں پھنسایا گیا، گرفتار کیا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو نہ صرف یہ کہ سرکاری اداروں کی طرف سے دباؤ کا سامنا ہے بلکہ میڈیا ہاؤسز بھی صحافیوں کو کوئی تنخواہ یا اعزازیہ نہیں دیتے، جس سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ "صحافی مار کھاتے ہیں، جیل جاتے ہیں، لیکن کوئی ادارہ یا تنظیم ان کی مدد کے لیے آواز نہیں اٹھاتی،” انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔
نشست کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں سینئر صحافی سید ریاض نے حکومت اور صحافتی اداروں کے درمیان بہتر رابطے نہ ہونے کو صحافیوں کی مشکلات کی بنیادی وجہ قرار دیا۔
سینئر صحافی بشیر احمد چوہان نے کہا کہ صحافیوں کی آپس کی تقسیم کی ایک بڑی وجہ ان کی سیاسی وابستگیاں یا کاروباری مفادات ہیں، جو ان کے اتحاد کو متاثر کرتے ہیں۔
ایک اور صحافی نے کہا کہ علاقائی صحافیوں کی حفاظت کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے اور ریجنل سطح پر ایک نیٹ ورک بنانے کی تجویز دی تاکہ ہر علاقے کے صحافیوں کی نمائندگی ہو اور ان کے مسائل کو مقامی سطح پر ہی حل کیا جا سکے۔
اس تقریب کا انعقاد ٹی ڈی ای اے کے سیف میڈیا پروگرام کا حصہ تھا، جس کا مقصد مقامی پریس کلبز اور صحافی یونینز کے تعاون سے صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور ان کی سکیورٹی و پروٹیکشن کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت صحافیوں کی اجتماعی ایڈووکیسی کو مضبوط بنانے اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے سیمینار، ورکشاپس، اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی۔
تقریب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے سینئر رہنما ناصر زیدی نے صحافیوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور ٹی ڈی ای اے کے کردار کو سراہا، اور زور دیا کہ تمام صحافتی تنظیموں کو مل کر اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔