ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹرجواد اکبر) حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے تعاون سے دیہی علاقوں میں شہری سہولیات کے مساوی میونسپل سروسز فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا۔ اس پراجیکٹ کے تحت پنجاب کی 16 تحصیلوں کے 2008 دیہات مستفید ہوں گے، جب کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی تحصیل علی پور، تونسہ اور روجھان کو پہلے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سات سالہ منصوبے کے تحت صاف پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم کی بہتری، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی رویوں میں مثبت تبدیلی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کر کے آبپاشی سمیت دیگر مقاصد کے لیے قابلِ استعمال بنایا جائے گا، جب کہ ٹیوب ویلز اور دیگر مشینری کو بجلی کے ساتھ سولر سسٹم سے بھی منسلک کیا جا رہا ہے۔
پراجیکٹ کے تحت ہر گھر سے 2000 روپے ڈیمانڈ نوٹس اور 1000 روپے ماہانہ چارجز وصول کیے جائیں گے، جبکہ پانی کے استعمال کی نگرانی کے لیے میٹر بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اس منصوبے کو دیہی علاقوں کے لیے انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے افسران نیک نیتی سے کام کریں تاکہ منصوبہ کامیاب ہو اور دیہی عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہو سکے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی، ڈی بی اے شہزاد قدیر، تحصیل منیجرز محمد اورنگزیب، تنزیل الرحمان علوی، جمیل چانڈیہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔








