ڈیرہ غازی خان: قائداعظم ڈے اور کرسمس کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا
ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر جواد اکبر): قائداعظم ڈے اور کرسمس کے انتظامات کا جائزہ، شہریوں کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے ہدایات جاری
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ ڈیرہ غازی خان کا اجلاس ڈپٹی کمشنر و چیئرمین محمد عثمان خالد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں قائداعظم ڈے اور کرسمس کے موقع پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر یوم قائد کو بھرپور انداز میں منایا جائے گا اور کرسمس کی خوشیوں میں مسیحی برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم تہواروں کے موقع پر تمام ادارے الرٹ رہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
اجلاس میں اہم مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے واک تھرو گیٹس نصب کرنے، چرچز کے اندر اور اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھنے اور ٹریفک کی روانی کو ممکن بنانے کی ہدایت دی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال نے بریفنگ میں بتایا کہ ریسکیو 1122 نے منظم روابط اور انتظامات کو یقینی بنایا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے باآسانی نمٹا جا سکے۔ اجلاس میں پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ، اے ڈی سی جی قدسیہ ناز، اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔