ڈیرہ غازی خان ( باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان) جعلساز مافیا کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی ٹیم کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں بڑی کارروائی کی گئی۔ ٹیم نے بلاک 40 نزد الخدمت سینٹر کے قریب واقع ویئر ہاؤس پر چھاپہ مارا جہاں اصل کے نام پر جعلی کولڈ ڈرنکس تیار اور فروخت کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران ایک ہزار لیٹر ناقص اور غیر معیاری مشروبات موقع پر برآمد کر کے تلف کر دی گئیں جبکہ ویئر ہاؤس کے مالک کو 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

چیکنگ کے دوران مشروبات کی برکس ویلیو معیار سے کم پائی گئی جبکہ فوڈ بزنس آپریٹر لائسنس اور دیگر ضروری دستاویزات بھی ٹیم کو پیش نہیں کیے جا سکے۔ اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ عوام تک محفوظ خوراک پہنچانا اتھارٹی کا اولین فریضہ ہے، جعلی و غیر معیاری اشیا تیار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے غیر قانونی کاروبار کی نشاندہی کریں اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری اطلاع دیں۔

Shares:








