ڈیرہ غازی خان(سٹی رپورٹرجواداکبر)حالیہ بارشوں کے باعث کوہ سلیمان میں رود کوہیوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ پوری طرح متحرک ہو چکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈی پی او طارق ولایت اور دیگر افسران کے ہمراہ سخی سرور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے رود کوہی سخی سرور میں پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی۔

ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھاری مشینری اور دیگر ضروری سہولیات موقع پر فراہم کر دی گئی ہیں اور انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پانی کی صورتحال بتدریج کم ہو رہی ہے۔

محمد عثمان خالد نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔

Shares: