ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (نامہ نگار شہزادخان)ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ریونیو اہداف کے حصول میں ناکامی اور جان بوجھ کر ریونیو دستاویزات غائب کرنے والے ریونیو افسران کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔
گمشدہ رپورٹ ہونے والی 582 دستاویزات کی برآمدگی کیلئے ٹائم لائنز مقرر کردی گئیں۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کہا کہ مسنگ میو ٹیشنز اور دیگر دستاویزات کی برآمدگی میں ناکامی پر پٹواریوں اور تحصیلداروں کو ملازمت سے فارغ کرنے سمیت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنر ریونیوفخرالاسلام ڈوگر،اے ڈی سی آرنعمان فاروق،اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو آفیسرز شریک تھے
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ریونیو معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ گمشدہ ظاہر کرنے والے انتقالات اور دیگر ریونیو دستاویزات کی برآمدگی کیلئے ڈپٹی کمشنرز خود نگرانی کریں۔
انہوں نے کہا کہ آبیانہ،مالیہ،زرعی انکم ٹیکس،سٹیمپ ڈیوٹی اور سرکاری واجبات کی سوفیصد وصولی یقینی بنائی جائے ،سرکاری فرائض کی انجام دہی میں عدم دلچسپی برداشت نہیں ہوگی۔
اہداف کے حصول میں ناکامی پر ریونیو افسران سے حلقے بھی واپس لئے جاسکتے ہیں۔








