ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازیخان میں سکول داخلہ اور شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1میں داخلہ،شجرکاری مہم اور جشن بہاراں پروگرام کا افتتاح کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سرکاری سکولوں میں سہولیات دستیابی کو یقینی بنایا ہے،طلباوطالبات سرکاری سکولوں میں داخلے کو ترجیح دیں،سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کو نصابی و غیر نصابی تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں،

محمد عثمان خالد نے سکول میں ٹرانس جینڈر کلاس روم،سٹیچنگ یونٹ اور بیوٹی پارلر کا بھی دورہ کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ٹرانس جینڈر طلباء کو ٹیوٹا اتھارٹی سے ٹیکنیکل کورسز کروائیں گے،ٹرانس جینڈر تعلیم کے ساتھ ساتھ محنت کریں اور معاشرے کے اہم رکن بنیں،وہ کسی پر بوجھ بننے کی بجائے سکلز پروگرامز پر فوکس کریں،ان کے تیار کردہ ملبوسات و دیگر آئیٹمز کی خریدو فروخت کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے ثقافتی و سائنس ماڈلز کا معائنہ کیا اور طالبات کی صلاحیتوں کو سراہا،انہوں نے سکول میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔تقریب میں سی ای او ایجوکشن محمد عامر،پرنسپل سیدہ فرزانہ سجاد بخاری،ڈی ای اوز محمودالحسن،جاوید احمد،ڈاکٹر ماجد بخاری،اساتذہ اورطالبات شریک تھیں.

Shares: