ڈیرہ غازی خان: محکمہ انہار میں ایک افسر کا راج، متعدد عہدوں پر قبضہ

عاقب جاوید ایس ڈی او بننے سے قبل پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر تھا،تھانیداری چھوڑ کر ایس ڈی او بننے کے پیچھے کیا محرکات ہیں؟

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)محکمہ انہار میں افسران کی کمی یا کسی اور وجہ سے، ایک ہی افسر کو متعدد عہدوں کا چارج سونپے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس حوالے سے ڈیرہ غازی خان میں ایک ایس ڈی او عاقب جاوید کا نام سامنے آ رہا ہے جو ایک وقت میں متعدد عہدوں کے مزے لوٹ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق عاقب جاوید کے افسران بالا سے مضبوط تعلقات ہیں اور انہیں سیاسی حمایت بھی حاصل ہے۔ مزید یہ کہ ایس ڈی او بننے سے قبل وہ پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر تھے۔ یہ بات واضح نہیں کہ پولیس سے انہیں نکالا گیا تھا یا وہاں ان کے خلاف کوئی اور کارروائی ہوئی تھی۔

سول سوسائٹی میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ ایک افسر کے پاس اتنے زیادہ عہدوں کا چارج ہونا شفافیت اور احتساب کے اصولوں کے خلاف ہے۔ عوام کا خیال ہے کہ ایک ہی وقت میں کئی عہدوں پر براجمان ہوکرایک افسر ک اپنے فرائض میں کوتاہی کر سکتا ہے اور کرپشن میں بھی ملوث ہو سکتا ہے۔

عاقب جاوید کے پاس فی الحال دو چارجز ہیں اور اس سے قبل ان کے پاس مندرجہ ذیل چار عہدوں کے اضافی چارجز بھی تھے:کنسٹرکشن سب ڈویژن نمبر 1، ڈی جی خان،ایریگیشن زون ڈی جی خان کے اسسٹنٹ ڈیزائن انجینئر،گجانی کینال سب ڈویژن ڈی جی خان،کنسٹرکشن سب ڈویژن نمبر ڈی جی خان

یہ بات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ایک افسر کو اتنے زیادہ عہدے کیوں سونپے گئے ہیں اور اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں۔ عوامی وسماجی حلقوں اور سول سوسائٹی نے ارباب اختیار اور وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف سے نوٹس لینے اور اس معاملے کی شفاف انکوائری کرنے اور اگر کوئی غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔

Leave a reply