ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ڈیرہ غازی خان میں ضلعی کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈی پی او سید علی اور دیگر افسران کے ہمراہ ضلعی کنٹرول روم اور سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بتایا کہ شہر بھر میں حساس مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ہر لمحہ مجالس اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق مجالس اور جلوسوں کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ دیگر ذرائع سے بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر کی اہم شاہراہیں، داخلی و خارجی راستے اور حساس مقامات مکمل طور پر کور کر لیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام ادارے باہم مربوط انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔