ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ ڈیرہ غازی خان کے تناظر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کے لیے ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمشنرز اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، جس میں لاء اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال، بارڈر سیکیورٹی اور ممکنہ تھریٹ الرٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ہدایات جاری کیں کہ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مسلسل سرچنگ اور سوئپنگ جاری رکھی جائے۔ ہوٹل، سرائے اور نئے کرائے داروں کی سخت نگرانی کی جائے جبکہ جلسہ گاہ میں داخل ہونے والے افراد کی تین مراحل پر مشتمل سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے آر پی او نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کومبنگ اور سرچ آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے بارڈر چیک پوسٹوں کو مزید مؤثر بنانے، سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو بڑھانے اور ہر مشکوک گاڑی اور فرد کی جامع تلاشی لینے پر زور دیا۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب میں واضح کیا کہ وزیراعظم کے دورے کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

بین الصوبائی چیک پوسٹوں کو مزید فعال بنایا جائے اور صوبائی، ڈویژنل و ضلعی داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے سخت نگرانی کی جائے۔
سیکیورٹی پر مامور اہلکار اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور ڈیوٹی کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت اور خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو قبل از وقت ناکام بنایا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ان اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وزیراعظم کے دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Shares: