ڈیرہ غازی خان: صدیق آباد کالونی بدحالی کا شکار، شہری پریشان
ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (نامہ نگار شہزاد خان): میونسپل کارپوریشن کی بے حسی اور نااہلی کی وجہ سے شہر کی اہم یونین کونسل نمبر 17 صدیق آباد کالونی کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہے۔ گلیوں میں گندا پانی جمع ہو جانے اور کچرے کے ڈھیر لگ جانے سے علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق، سیوریج سسٹم مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور تھوڑی سی بارش میں ہی پورا علاقہ گندے پانی میں ڈوب جاتا ہے۔ گندا پانی گھروں میں داخل ہونے سے بیماریوں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ علاوہ ازیں گلیاں پکی نہ ہونے کی وجہ سے آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور نماز پڑھنے والوں کو مسجد جانے میں بھی دشواری ہوتی ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ وہ بار بار اعلیٰ حکام سے اپنی شکایات لے کر گئے ہیں لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ یہ حلقہ ایم این اے زرتاج گل اور ایم پی اے سردار محمود قادر لغاری کا ہے لیکن منتخب نمائندوں کی جانب سے بھی کوئی دلچسپی نہیں لی جا رہی۔
دوسری جانب، واپڈا حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے کالونی میں خطرناک تاریں جھول رہی ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔