ڈی جی خان :معاشی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں ہے- کمشنر

ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (نامہ نگارشہزادخان) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ فنی تعلیم وقت کی ضرورت ہے اور معاشی بحران سے نکلنے کا بھی واحد راستہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہی ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار میر چاکر خان رند یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران مختلف سکولوں کے سکلڈ پروگرام مکمل کرنے والے 150 سے زائد طلباء میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا

انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم کے ہمراہ کورس مکمل کرنے والے بچوں کو اسناد،فیکلٹی ممبران اور مہمانوں کو سووینئردیئے۔میر چاکر رند یونیورسٹی میں سی اے، آٹو کیڈ ،ہوم اپلائنسز، ریپئرنگ کی فنی تعلیم دی گئی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فنی تعلیم حاصل کرکے ملازمت لینے کی بجائے دینے والے بنیں۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بغیر قومیں معاشی طور پر ترقی نہیں کرسکتیں۔معاشی بحران کا بھی واحد حل فنی تعلیم ہی ہے اور موجودہ حکومت پنجاب کا فوکس بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن پر ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ترقی کا واحد راستہ سائنس اور ٹیکنالوجی ہے۔

وائس چانسلر میر چاکر رند یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم نے کہا کہ یونیورسٹی نے حکومت پنجاب کے سکلڈ پروگرام کی خود پیش کش کی اور بچوں کو مفت فنی تعلیم دی گئی۔تمام اخراجات میر چاکر رند یونیورسٹی نے خود برداشت کئے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کو فروغ دیکر برآمدات بڑھا سکتے ہیں۔ٹیکنالوجی سے بہتر استفادہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان فورس ہماری طاقت ہے اور سکلڈ افراد کی ملک اور بیرون ملک میں بڑی مانگ ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر تعلقات عامہ محمد جنید جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالحز پروفیسر حق نواز حجانہ، یونیورسٹی رجسٹرار محمد عارف خان، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکج محمد اسماعیل،ہائیر ایجوکیشن کے پروفیسر محمد نعیم،کنٹرولر صفدر کھوسہ، عارف گل اور دیگر موجود تھے۔

Leave a reply