ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے ڈیرہ غازی خان، سخی سرور اور فورٹ منرو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور سیلاب سے بچاؤ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
کمشنر آفس میں ہونے والے اجلاس میں ریونیو اہداف، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر بریفنگ لی گئی۔ اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے حضرت سخی سرورؒ کے مزار پر حاضری دی، چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ درگاہ کی جانب سے ان کی دستار بندی بھی کی گئی۔
فورٹ منرو میں انہوں نے تاریخی و ثقافتی ورثے کے تحفظ کے احکامات جاری کیے اور کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں تکنیکی جدت لائی جائے اور مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اراضی کو زراعت، فش فارمنگ اور جھینگا فارمنگ کے لیے استعمال کیا جائے، جبکہ قبضہ مافیا سے محکمہ اوقاف اور دیگر سرکاری محکموں کی زمینیں فوری واگزار کرائی جائیں۔
لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ذاتی دلچسپی لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔