ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر) پولیس چوکی لاری اڈہ کی کارروائی، 1 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان پولیس نے چوکی لاری اڈہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 1 کروڑ روپے مالیت کی چوری شدہ سرکاری ادویات برآمد کر لی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص ممنوعہ اور چوری شدہ ادویات کی نقل و حمل میں ملوث ہے۔
موقع پر پہنچ کر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے پنجاب حکومت کی سرکاری ملکیتی ادویات کے کئی کارٹن برآمد کیے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ یہ چوری شدہ ادویات ایک سرکاری ملازم سے حاصل کرتا تھا۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے ڈی ایس پی سٹی عرفان اکبر، ایس ایچ او گدائی علی عمران اور انچارج چوکی لاری اڈہ عرفان حیدر کی کاوشوں کو سراہا۔