ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواد اکبر)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ریونیو معاملات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان بخاری نے سرکاری واجبات کی وصولی، نادہندگان کی فہرست اور زیر التوا کیسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری واجبات کی 100 فیصد وصولی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ تمام ریونیو افسران فیلڈ میں نکل کر ریکوری کے عمل کو تیز کریں اور نادہندگان کے خلاف قانونی اختیارات کا مؤثر استعمال کیا جائے، جن میں جائیداد کی قرقی جیسے اقدامات بھی شامل ہوں۔

انہوں نے کہا کہ زیر التوا جوڈیشل انکوائریوں اور انضباطی کارروائیوں کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ریونیو افسران کو متنبہ کیا کہ فرائض میں عدم دلچسپی یا کارکردگی میں کمی پر سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کی انفرادی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں موجود افسران نے یقین دہانی کروائی کہ جاری ہدایات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ سرکاری محصولات کی وصولی کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

Shares: