ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) ضلع ڈیرہ غازی خان میں 28 مئی کو یومِ تکبیر کو یومِ تشکر کے طور پر بھرپور ملی جذبے سے منایا گیا۔ اس موقع پر تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور سماجی تنظیموں کی جانب سے تقریبات، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ضلع کی سب سے بڑی اور مرکزی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے کچہری چوک تک نکالی گئی، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد اور رکن پنجاب اسمبلی محمد حنیف پتافی نے کی۔ ریلی میں سول سوسائٹی، سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف مکاتبِ فکر کے افراد اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

ایم پی اے محمد حنیف پتافی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 مئی کو پاک فوج نے حالیہ آپریشن میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر کے یومِ تکبیر کے پیغام کو عملی طور پر دہرا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر فرد پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور دفاع وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ تکبیر کو یومِ تشکر کے طور پر منانا ہماری قومی غیرت اور تشخص کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی قوت بن کر دنیا کو باور کرایا کہ ہم اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر خودمختار ہیں۔ 28 مئی ہماری قومی تاریخ کا وہ روشن دن ہے جس نے امتِ مسلمہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔ ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یومِ تکبیر کی طرح ہر موقع پر قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کے دفاع کے لیے متحد رہیں گے۔

Shares: