ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹرشاہدخان)میڈیکل کالج ڈیرہ غازی خان میں ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن کی زیر نگرانی فیکلٹی ممبرز اور کنسلٹنٹس کے لیے پہلی تین روزہ سپروائزری ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ورکشاپ کا انعقاد پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر بلال سعید کی درخواست پر کالج آف سرجنز پاکستان (CPSP) کے تعاون سے کیا گیا۔
ورکشاپ میں 30 سے زائد ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے انعقاد سے مقامی فیکلٹی کو اب سپروائزری ٹریننگ کے لیے ملتان نہیں جانا پڑے گا، جو خطے میں طبی تعلیمی خدمات کے لیے ایک بڑی سہولت اور اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر بلال سعید نے صدر سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی بدولت یہ ورکشاپ پہلی مرتبہ ڈیرہ غازی خان میں ممکن ہوسکی۔شرکاء نے ورکشاپ کو ایک مؤثر، سودمند اور فیکلٹی کی صلاحیتوں میں اضافے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
ورکشاپ کے انعقاد میں ڈاکٹر زینب، ڈاکٹر شمسہ کنول اور ڈاکٹر محمد ہارون بلال نے اہم کردار ادا کیا۔
ورکشاپ کے پہلے دن پرنسپل نشتر میری یونیورسٹی ڈاکٹر راشد اور ڈائریکٹر سی پی ایس پی ملتان پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفی نے بھی خصوصی شرکت کی۔








