ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) ڈیرہ غازی خان میں میونسپل کارپوریشن کی مجرمانہ غفلت ایک بار پھر انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنی۔ جَامپُور روڈ پر سیوریج لائن کی صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات کے بغیر مین ہول میں اترنے والے دو نوجوان سیورمین محمد آصف ولد واحد بخش بعمر26 سال سکنہ رازی کالونیاور صابر حسین ولد بشیر احمد عمر30 سالہ، رہائشی شمس آبادکالونی) دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کو ر اطلاع ملی کہ دو افراد گٹر کی صفائی کے دوران بے ہوش ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کی 6 گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور ریسکیو آپریشن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احمد کمال کی نگرانی میں کیا گیا، لیکن دونوں کو مردہ حالت میں نکالا گیا۔ لاشیں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
مبینہ طور پر یہ افسوسناک واقعہ سی ای او میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کی کھلی نااہلی اور لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جن کی نااہلی کی وجہ سے بغیر کسی حفاظتی سامان کے مزدوروں کو جان لیوا ماحول میں اتارا گیا۔ یہ پہلا سانحہ نہیں ہے اس سے قبل بزدار دور حکومت میں بھی فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دو سیورمین ڈیرہ غازی خان میں ہی دوران صفائی دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ ایک اور دل دہلا دینے والے واقعے میں مقامی نوجوان سیورمین کی لاش اس کے بوڑھے والد نے خود مین ہول سے نکالی تھی۔ ان تمام حادثات کے باوجود سی ای او میونسپل کارپوریشن کے خلاف آج تک کوئی محکمانہ انکوائری نہیں کی گئی اور ہر بار ان انسانی المیوں کو دبا دیا گیا۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے حکومت پنجاب، وزیراعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سی ای او میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے خلاف فوری انکوائری کی جائے، انہیں برطرف کیا جائے اور غفلت برتنے والے دیگر اہلکاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ مزید برآں، سیوریج ورکرز کے لیے حفاظتی سامان، تربیت اور انشورنس کا مستقل بندوبست کیا جائے تاکہ مزید کسی مزدور کی جان ضائع نہ ہو۔
یہ سوال اب جواب مانگتا ہے کہ کب تک غریب مزدور اپنی جانیں گنواتے رہیں گے اور نااہل افسران عہدوں پر براجمان رہیں گے؟